جمعرات 16 جنوری 2025 - 12:26
جنگ بندی کے معاہدے کے بعد غزہ کے بچوں میں خوشی کی لہر

حوزہ/ طویل تناؤ اور جنگ کے بعد، غزہ کے بچوں نے جنگ بندی کے معاہدے اور فلسطینی قیدیوں کے تبادلے کے اعلان پر خوشی کا اظہار کیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، فلسطینی قیدیوں کے تبادلے اور غزہ میں جنگ بندی کے اعلان کے بعد، اس خطے کے بچوں نے اپنی خوشی کا اظہار کیا۔ وہ امید کر رہے ہیں کہ وہ بھی دنیا کے دیگر بچوں کی طرح اپنے بچپن کا لطف اٹھا سکیں گے۔ جب انہیں پتہ چلا کہ جنگ بندی ہونے والی ہے، تو وہ خوشی سے چلّائے اور ان کی آنکھوں سے اشک جاری ہو گئے۔

ایک وائرل ویڈیو میں غزہ کے بچوں کی وہ ناقابل بیان خوشی دکھائی گئی ہے، جب وہ دنیا کے دیگر بچوں کی طرح ایک پرامن بچپن گزارنے کی امید میں چیخ اٹھے۔ یہ منظر اس وقت سامنے آیا ہے جب اسرائیلی فوج کے بے ہدف بمباریوں کی وجہ سے ہزاروں بچے شدید نقصان کا شکار ہو چکے ہیں۔

دنیا میں شاید ہی کوئی بچہ فلسطینی بچوں، خاص طور پر غزہ اور ویسٹ بینک کے بچوں جتنا جنگ کے مصائب کا شکار ہوا ہو۔ اسرائیلی فوج نہ صرف فلسطینی مردوں اور عورتوں کی جان لے رہی ہے اور ان کے گھروں کو تباہ کر رہی ہے، بلکہ جان بوجھ کر معصوم بچوں کو بھی نشانہ بنا رہی ہے۔

اسی دوران، جنگ بندی کے اعلان پر غزہ کے ہزاروں فلسطینیوں نے جشن منایا اور گلیاں اور مرکزی چوک خوشی سے گونج اٹھے۔ غزہ کے لوگوں نے اپنے دکھوں اور غموں پر قابو پاتے ہوئے نعرہ تکبیر اور قومی نغموں کے ساتھ جشن منایا۔ القسام بریگیڈز نے بھی ان جشنوں میں شرکت کی، اور شہریوں نے فلسطینی پرچم لہرائے، ایک دوسرے کو گلے لگایا، اور یادگاری تصاویر بنائیں۔

مصر، قطر اور امریکہ نے ایک مشترکہ بیان میں اعلان کیا کہ غزہ میں تنازعہ کے دونوں فریقین اپنے قیدیوں کے تبادلے پر متفق ہو گئے ہیں اور مستقل امن کی طرف واپس لوٹ آئے ہیں، تاکہ دونوں طرف سے مستقل جنگ بندی قائم کی جا سکے۔

جنگ بندی کے معاہدے کے اعلان نے بین الاقوامی ردعمل کو جنم دیا ہے۔ دنیا بھر کے رہنماؤں نے دونوں فریقین سے اپنے وعدوں پر قائم رہنے اور معاہدے کے مکمل نفاذ کو یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے غزہ میں انسانی حالات کو بہتر بنانے کے لیے اس اقدام کی اہمیت پر بھی زور دیا ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha